ریاست اتر پردیش میں ایک مسافر ٹرین کے حادثے میں کم از کم 30 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
یہ حادثہ جمعے کو رائے بریلی کے قریب پیش آیا جب دہرادون سے وارانسی جانے والی ٹرین کی تین بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہیں مقامی آبادی سے لوگ جائے حادثہ پر پہنچے اور امدادی کارکنوں کی آمد تک اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو ٹرین سے نکالا۔
خبر رساں ایجنسی پی
ٹی آئی نے ناردرن ریلوے کے جنرل مینیجر اجے كتھيا کے حوالے کہا ہے کہ حادثے میں 30 افراد ہلاک ہوئے ہیں.
ریلوے کے ڈویژنل کمرشل منیجر اشونی شری واستو نے کہا ہے کہ حادثے میں 40 کے قریب افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ریلوے حکام کے مطابق شدید زخمی لوگوں کو لکھنؤ میڈیکل کالج کے ہسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔
فوری طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔